سکردو (پ ر )سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے جشنِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یکم نومبر کا دن آزادی کے مجاہدوں، غازیوں اور شہداکو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ یہ دن گلگت بلتستان کے عوام کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ راجہ جلال مقپون نے کہا کہ اس روز ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ملک کے دفاع اور بقاکے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ گلگت بلتستان کے بہادر شہدااور غازیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ خطہ آزاد کروایا، جس پر پوری قوم دل کی گہرائیوں سے انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ سابق گورنر نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں اور ملک و علاقے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ آج کا دن ہمیں اپنے آبا و اجداد کی قربانیوں، اتحاد و اتفاق اور آزادی کے لیے کی گئی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ راجہ جلال مقپون نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مملکتِ خداداد پاکستان اور گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیں ایک بار پھر یکم نومبر 1947کی روح کو زندہ کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کی فضا کو فروغ دینا ہوگا۔ ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ علاقے میں امن، بھائی چارے اور ترقی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے۔ راجہ جلال مقپون نے آخر میں کہا کہ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں، اور ہمیں بھی اپنے شہدااور غازیوں کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔
ملکی دفاع اور بقا کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کر ینگے، راجہ جلال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







