محکمہ تعلیم، تمام ملازمین کی ٹائم سکیل ترقی کا فیصلہ

گلگت (سٹاف رپورٹر ، نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے بنائی گئی ٹیچر کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین اور صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد ایڈووکیٹ کی سربراہی میں اساتذہ کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ انجینئر محمد اسماعیل، صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم کے تمام ملازمین اور اساتذہ کو ٹائم سکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی کے اراکین نے تفصیلی غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر اساتذہ کے حق میں اہم فیصلے کیے۔ فیصلوں کے مطابق گریڈ 1 سے گریڈ 16 تک کے تمام ملازمین اور اساتذہ کو ٹائم اسکیل کے تحت پروموشن دی جائے گی۔ اسی طرح گریڈ 14 سے گریڈ 16 میں ترقی کے لیے 70 فیصد کوٹہ بائے پروموشن اور 30 فیصد بائے ڈائریکٹ کی بنیاد پر مقرر کیا گیا ہے۔ مزید برآں، ملازمین کو سینارٹی کی بنیاد پر ترقی دی جائے گی، جبکہ گریڈ 16 سے گریڈ 17 میں ترقی کے لیے کمبائن امتحان کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، اس لیے ان کے حقوق کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ حکومت اساتذہ کے تمام جائز مطالبات کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔حکومت کی جانب سے بنائی گئی کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین ایڈووکیٹ نے کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے محکمہ تعلیم میں ٹائم اسکیل کا کوئی نظام موجود نہیں تھا، تاہم اب محکمہ تعلیم کے تمام ملازمین سمیت اساتذہ کو ٹائم اسکیل کی سہولت حاصل ہوگی اور وہ اپنے اگلے گریڈ پر ترقی پائیں گے۔ادھر حکومت گلگت بلتستان نے 7-ٹائر سروس اسٹرکچر کے تحت ترقی اور اپ گریڈیشن سے متعلق اہم ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس نوٹیفکیشن کے تحت محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے پہلے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 6(4)/2024 مورخہ 12 نومبر 2024 میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے تین اہم نکات (iii, iv, v) کو نئے احکامات سے تبدیل کر دیا ہے۔ ترمیم شدہ نکات کے مطابق 7-ٹائر سروس اسٹرکچر کی ایک بار مشق کے بعد سینیارٹی BS-18 تک برقرار رکھی جائے گی، جب کہ BS-19 اور اس سے اوپر کے لیے کمبائنڈ سینیارٹی لاگو ہوگی۔ BS-17 اور اس سے اوپر اسامیوں پر ترقی ایک مشق کے طور پر کی جائے گی۔ BS-16 تک کی پوسٹوں پر تین درجوں کی اپ گریڈیشن/ترقی کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے مطابق BS-14 والے ملازمین کو BS-16 میں BS-12 والے ملازمین کو BS-14 اور BS-16 میں BS-9 والے ملازمین کو BS-12، BS-14 اور BS-16 میں ترقی دی جائے گی۔ مزید برآں محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مستقبل کی تقرریوں اور ترقیوں کے لیے ریکروٹمنٹ رولز میں ضروری ترامیم کرے تاکہ اس نئے ڈھانچے کو لاگو کیا جا سکے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دیگر تمام شرائط و ضوابط باقی رہیں گے اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں