گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے گلگت بلتستان کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے میڈیا کو جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یکم نومبر1947کو ہمارے آبائو اجداد نے بغیر کسی بیرونی امداد کے دفاعی اور جغرافیائی اہمیت کے حامل اس خطے کو ڈوگروں سے آزاد کرایا اور کلمے کی بنیاد پر وجودمیں آنے والے ملک پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ ڈوگروں سے آزادی حاصل کرنا آسان نہیں تھا لیکن ایک قوم بن کر آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیرت ایمانی سے سرشار ہوکر ڈوگروں کو اس خطے سے بھاگنے پر مجبور کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آزادی حاصل کرنے کے وقت جن چیلنجز کا سامنا تھا آج اس سے زیادہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور ایک خوشحال مستقبل جس کا خواب ہمارے آبائو اجداد نے دیکھا تھا اس کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے درپیش ہے، ہمیں اپنے دشمنوں کے سازشوں کو سمجھتے ہوئے پہلے سے زیادہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر قسم کی تفرقہ بازی اور اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک قوم ہونے کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔ہماری منزل خوشحال ،ترقی یافتہ اور معاشی حوالے سے خودمختار گلگت بلتستان ہے۔ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو پرامن اور خوشحال علاقہ دینا ہے ۔ ہم نے اپنے مختصر دور حکومت میں آزادی کے حقیقی معنوں کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی اور محروم طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنانے پر توجہ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء اور غازیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ آج کے اس عظیم دن کے موقع پر ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کا پہلا باضابطہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے تشکیل پانے والے بورڈ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بورڈ کے قیام کا مقصد گورننس اور گلگت بلتستان میں موجود بجلی پیدا کرنے والے مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنا ہے تاکہ گلگت بلتستان میں بجلی کا بحران ہمیشہ کیلئے ختم کیا جاسکے اور بجلی کی پیداوار اور بلات کے وصولی میںآسانی پیدا ہو۔ وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کی ساخت اور اس میں بہتری لانے کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں تمام متعلقہ ممبران کی موجودگی میں ایکٹ تیار کرنے والے کنسلٹنٹ سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا جس میں اس ایکٹ اور محکمہ برقیات کے حوالے سے تفصیلی غور خوص کیا جائے گا جس کے بعد ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اس ایکٹ میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز مرتب کرے گی۔
دشمنوں کی سازشوں کو سمجھنا ہو گا، گلبر خان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







