یکم نومبر قومی غیرت، اتحاد کی علامت، سعدیہ دانش

گلگت (پ ر) ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ آزادی گلگت بلتستان قربانی، عزم اور خودمختاری کا دن ہے۔ ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے جشنِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم نومبر 1947 گلگت بلتستان کی تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب اس خطے کے بہادر عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کر کے اپنی سرزمین کو غلامی سے نجات دلائی۔ یہ دن ہماری قومی غیرت، اتحاد، اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آزادی کی یہ نعمت ہمیں ان شہدا اور غازیوں کی جدوجہد کے نتیجے میں ملی جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج ہمارا فرض ہے کہ ہم ان عظیم قربانیوں کی قدر کریں اور گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور سیاسی استحکام کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔یہ دن ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے، جب 1947 میں گلگت بلتستان کے محبِ وطن سپوتوں نے جرات و بہادری کی لازوال مثال قائم کرتے ہوئے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد، ایمان اور قربانی کے جذبے سے ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔آج ہم ان شہدا اور مجاہدین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس آزادی کی روح کو برقرار رکھتے ہوئے ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال گلگت بلتستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ڈپٹی سپیکر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جشنِ آزادی کے موقع پر اس عہد کو دہرائیں کہ ہم اپنی سرزمین کی ترقی، بھائی چارے کے فروغ، اور قومی یکجہتی کے لیے ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے رہیں گے۔ شہدا آزادی گلگت بلتستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی اس خطے کو امن، خوشحالی اور ترقی سے نوازے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں